چینی موبائل کمپنی زونگ نے پی ٹی سی ایل اور یو فون کو خریدنے میں دلچسپی
ظاہر کردی ہے۔ نجی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی اتصالات کے ذرائع نے تصدیق کی ہے
کہ چینی موبائل کمپنی زونگ نے پی ٹی سی ایل اور یو فون کو خریدنے میں
دلچسپی ظاہر کردی ہے، زونگ اور اتصالات کے اس حوالے سے تین اجلاس ہوئے ہیں،
آخری اجلاس میں چینی کمپنی نے پی ٹی سی ایل اور یو فون کی خریداری کے لئے
رضامندی کا اظہار کیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے پہلی میٹنگ
دبئی، دوسری چین اور تیسری میٹنگ یورپ کے ایک ملک میں ہوئی ہے۔ تیسری اور
آخری میٹنگ میں چینی کمپنی نے پی ٹی سی ایل اور یو فون کی خریداری کے لئے
رضامندی کا اظہار کیا ہے، اس اجلاس میں دونوں کمپنیوں کی ایک مشترکہ کمیٹی
بنائی گئی ہے
جو پی ٹی سی ایل اور یوفون کے اثاثوں کی قیمت کا تعین کرے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کی نجکاری کے وقت اتصالات نے 26 فیصد
حصص خریدے تھے باقی حصص کمپنی کی انتظامیہ کے نام تھے، اور اس وقت یہ
کمپنی پی ٹی سی ایل کی فروخت کے لئے با
اختیار ہے، اس وقت پی ٹی سی ایل ملک
کی سب سے بڑی آئی سی ٹی سروسز فراہم کرنے والی کمپنی ہے،
یہ صارفین کو
لینڈ لائن، وائرلیس براڈ بینڈ انٹرنیٹ، براڈ بینڈ اینڈ ملٹی میڈیا سروسز
اور دیگر خدمات فراہم کرتی ہے، دلچسپ بات یہ ہے کہ اتصلات نے پاکستانی
حکومت کو 800 ملین ڈالرز ابھی تک ادا کرنے ہیں،
دوسری طرف پی ٹی سی ایل کی
فروخت کی بھی بات چیت کی جارہی ہے۔ یوفون پی ٹی سی ایل کا پرائمری گروپ ہے
جو اس کے ساتھ ہی فروخت ہوجائے گا، یہ موبائل کمپنی ملک بھر کے کئی شہروں
میں اپنی خدمات پیش کر رہی ہے اور اس میں 3850 ملازمین کام کرتے ہیں، یوفون
کی ملک بھر میں 375 فرنچائزز،26 کمپنی کے کسٹمر سروس سنٹرز اور ڈیڑھ لاکھ
آوٹ لیٹس کام کر رہے ہیں، پی ٹی اے کے مطابق 20.59 ملین صارفین اس نیٹ ورک
کو استعمال کرتے ہیں۔
زونگ چائنا موبائل پاکستان لمیٹڈ کے نام رجسٹرڈ اور
پاکستان کی تیسری بڑی ٹیلی کمیونکیشن کمپنی ہے، اس وقت اس کے صارفین کی
تعداد 24.85 ملین ہے، یوفون اور پی ٹی سی ایل کی خریداری کے بعد سب سے بڑی
کمپنی بن جائے گی۔